ممبئی: مہاراشٹر مسلم لیگ کی جنرل کونسل نے ایک قرارداد کے ذریعے حکومت پر زور دیا ہے
ممبئی: مہاراشٹر مسلم لیگ کی جنرل کونسل نے ایک قرارداد کے ذریعے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ مرکز ی حکومت کے ذریعہ منظور کردہ نئے وقف ترمیمی قانون کو واپس لے کیونکہ یہ ہندوستانی مسلمانوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے اور غیر آئینی ہے اور اسے کسی بھی حالت میں قبول نہیں کیا جاسکتا ہے۔ قومی سیکرٹری خرم انیس عمر نے آج ممبئی کے کچھی میمن ہال میں منعقدہ کونسل کے اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس قانون سازی کے ذریعے مرکزی حکومت کروڑوں روپے کے اثاثے ہڑپ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ،مسلمانوں کے حقوق کےتحفظ سےاس حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں!انہوں نے کہا کہ پارٹی اس بل کے خلاف پارلیمنٹ اور سڑک پر بھی لڑائی لڑے گی۔ اس مد میں مسلم لیگ نے سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ وقف بل کے خلاف ایک عوامی اجلاس میں کئی رہنماؤں نے شرکت کی پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی۔ مسلم لیگ مہاراشٹر کے ریاستی صدر اسلم ملا خان نے اجلاس کی صدارت کی ۔ اس موقع پر بشیر موسیٰ پٹیل نے کہا کہ فسطائی بی جے پی حکومت ہندوستان میں مسلم کمیونٹی کو جس انداز میں نشانہ بنا رہی ہے اس کے مقابلہ کاواحد حل مسلم کمیونٹی کو سیاسی طور پر بااختیار بنانا ہوگا کیرالہ اس کی سب سے بڑی مثال ہے۔مسلم لیگ کے جنرل سکریٹری عبدالرحمٰن سی ایچ نے شرکا کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی بی جے پی حکومت پارلیمنٹ میں کوئی نیا قانون لاتی ہے تویہ فریب دیتی ہےکہ یہ مسلم کمیونٹی کی بہتری کے لئے ہے، لیکن مودی سنگھ پریوار کی طرف سے مسلم کمیونٹی پر ہونے والے تمام مظالم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد مسلم مخالف جذبات میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ ہر قانون سازی یا اس طرح کے واقعات ہندو اور مسلم کمیونٹی میں بڑی تقسیم پیدا کر رہے ہیں جو اس ملک کے سیکولر تانے بانے کو نقصان دہ ہیں،مزید براں گودی میڈیا آگ میں گھی ڈال رہا ہے۔ہرویندر سنگھ نے کہا کے آتنک واد کا کوئی دھرم نہیں ہوتا ہے، مصیبت کی اس گھڑی میں ہندو مسلم سکھ اور عیسائی سب کوکاندھے سے کندھا ملا کر دیش کی تقویت کی بابت قدم بڑھانا چاہیے یہ موقع دھرم کے نام پر سیاسی روٹی سینکنے کا نہیں ہے۔ اس پروگرام میں مسلم لیگ یوپی کے ریاستی صدر متین خان ممبئی صدر رشید بخلہ،وومین لیگ صدر رضوانہ خان ،نائب صدر رضوان خان ،سیکریٹری عامر چودھری،خزانچی ساجد شیخ،سہیل غازہ کے ساتھ سینکڑوں شرکا موجود تھے۔اس موقع پر تمام شرکا نے دو منٹ خاموش کھڑے ہوکر شہدائے پہلگام کو خراج عقیدت پیش کیا اور پہلگام دہشت گردانہ حملہ کی سخت مذمت کی۔
Comments
Post a Comment