Thursday, September 16, 2021

جماعت اسلامی ہند مہاراشٹرکا کوکن میں سیلاب زدگان کی معاشی ترقی کے لیے پروگرام

80چھوٹے تاجروں کو کاروبار شروع کرنے کیلئے ضروری سامان ومشینیں اور پچیس لاکھ کی مالی معاونت

ممبئی : کوکن کے حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد اول روز سے ہی ریلیف کے کاموں میں مصروف جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر و آئیڈیل ریلیف کمیٹی ٹرسٹ نے ریلیف ورک و سروے کے بعد دوسرے مرحلہ میں چپلون میں کمزور و چھوٹے کاروباریوں کی معاشی ترقی کے لیے ایک پروگرام کا انعقاد کیا۔شعبہ ڈزاسٹریعنی آئیڈیل ریلیف ونگ (آئی آر ڈبلیو) کو والنٹیئرس کے سروے کے مطابق 80 کاروباریوں و تاجروں کی تجارت و ورک شاپ کو بحال کرنے کے لیے مدد کا ہاتھ بڑھایا۔ کپڑے،جوتے چپل، کرانہ، بیگ و اسٹیشنری جنرل اسٹور و کٹلری شاپ، میڈیکل، فلورمِل، ویلڈنگ ورک شاپ، فیبریکیشن ورک، موبائیل ریپیرنگ، الیکٹرک ریپیرنگ و الیکٹریکلس، زیراکس و کمپیوٹر سینٹر،آن لائن سروسز سینٹرز،ٹیلر و ٹھیلہ گاڑی وغیرہ کی دکانوں کیلئے ساز و سامان،مشینیں اور نقد و چیک کے ذریعہ رقم فراہم کیے گئے۔10 افراد کو ویلڈنگ مشینیں، زیراکس مشین، لیپ ٹاپ پرنٹر، ڈِرِل مشینیں وغیرہ دی گئیں جن کی لاگت 5؍لاکھ 54 ؍ ہزار سے زائد ہے اور 70 افراد کو (10,000 سے 1,00,000روپیے تک) چیک کے ذریعہ 25,00,000(پچیس لاکھ) روپیے مالی تعاون کیا گیا۔
چپلون کے مادَھو ہال میں منعقدہ اس پروگرام میں محمد مظہر فاروق سکریٹری آئیڈیل ریلیف کمیٹی مہاراشٹر، اشرف ہارون عیسف ناظم علاقہ کوکن، عبداللہ صحیح بولے، امان الدین انعامدار، معظم آسرے، فرحان حسین، جنید بغدادی، ڈاکٹر حذیفہ خان اور مہمان خصوصی کے طورپر چپلون و اطراف کے مقامات کی جماعت المسلمین کے ذمہ داران و سماجی کارکنان نے شرکت کی۔
اشرف عیسف ناظم علاقہ نے افتتاحی گفتگو میں پروگرام کی غرض و غایت اور ریلیف ورک سے متعلق تفصیلات رکھی۔
مظہر فاروق (سکریٹری آئیڈیل ریلیف کمیٹی) نے بتایا کہ آئیڈیل ریلیف ٹرسٹ نے جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے اشتراک سے کوکن کے  چپلون و مہاڈ میں 250 سیلاب زدگان کے کاروبار کو بحال کرنے اور 50 مکانات کی تعمیر و درستی کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس کا تخمینہ تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپیے ہے۔ 15؍ستمبر 2021سے اس منصوبہ پرعمل آوری کا کام شروع ہو چکا ہے۔اگلے ہفتہ مہاڈ کے 100 افراد کو کاروبار کے لیے مالی اعانت کی جائے گی۔مظہر فاروق نے اظہار خیال کرتے ہوئےکہا کہ ساری مخلوق اللہ کا کنبہ ہے ان کی خدمت کا موقع ہمارے لیے سعادت ہے۔ ہم سب ایک آدم کی اولاد ہیں اور خواہ وہ کسی بھی سماج سے تعلق رکھتے ہوں آپس میں بھائی بھائی ہیں ۔مصیبت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنا،ان کے کام آنا ہمارا فریضہ ہے۔پروگرام میں شریک مہمانان خصوصی نےبھی اظہار خیال کرتے ہوئے جماعت کے  اس اقدام کو سراہا۔
واضح ہو کہ جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر اور اس کی ذیلی تنظیمیں جیسے آئیڈیل ریلیف کمیٹی ٹرسٹ ، میڈیکل سروس سوسائٹی ، یوتھ ونگ اور ایس آئی او کے رضا کار اول روز سے ہی سیلاب متاثرین کی راحت رسانی کے کاموں میں مصروف ہیں ۔ متاثرین میں تیار کھانا کے پیکٹ ، دوائیاں ، گھروں کے لئے اشیائے ضروریہ بہم پہنچانے کے ساتھ ی رضاکاروں نے پانی کے ذرائع جیسے کنوئیں اور ٹنکیاں صاف کیں نیز بجلی کے نظام کو بحال کرنے میں بھی تعاون کیا اس ابتدائی امداد اور راحت رسانی پر تقریبا پچاس لاکھ خرچ کئے گئے ہیں ۔

No comments:

Post a Comment