Saturday, October 9, 2021

جشن عیدمیلادالنّبی صلّی اللّٰہ علیہ وسلّم کے دینی،دنیاوی اوراخروی فائدے*

*
*✒از:محمّدشمیم احمدنوری مصباحی!*
*دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف،باڑمیر(راجستھان)*

              اسلام ایک آفاقی اور فطری مذہب ہے اور اس کے ہر قانون ورسم میں مسلمانوں کے لئے بے شمار فائدے چھپے ہیں، جیسے حج، عیدین، جمعہ، نماز پنجگانہ،زکوٰة اور روزہ وغیرہ… اسی طرح عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم منانے سے بھی مسلمانوں کو بہت سے فائدے حاصل ہوتے ہیں، بلکہ تجربہ اور مشاہدہ تو یہاں تک ہے کہ غیر مسلموں کو بھی ہمارے نبی آقائے کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کی خوشی منانے کا فائدہ پہنچ گیا-
              اب آئیے دیکھتے ہیں کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم منانے سے کون سے  دینی، دنیاوی اور اخروی فائدےحاصل ہوتے ہیں-
*عیدمیلادالنّبی کے دینی فائدے:* *(۱)* چونکہ عید میلاد النبی میں ذکر مصطفی اور سیرت طیبہ کے حالات بیان کئے جاتے ہیں اور ان بیانات سے مسلمانوں کے اخلاق و عادات درست ہوں گے-
*(۲)* محبت مصطفی حاصل ہوگی- 
*(۳)* مسلمان اکٹھے ہونگے، آپسی محبت، اتفاق و اتحاد اور بھائی چارگی پیدا ہوگی، درودیوار اور سڑکوں اور گلیوں میں ذکر الٰہی اور نعت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی دھوم مچے گی اور قیامت میں راستہ کے وہ در و دیوار، پتھر و کنکر وغیرہ مومن کے گواہ بنیں گے-
*(۴)* غیر مسلموں کو تاریخِ اسلامی اورمسلمانوں کے طرزایمانی کا پتہ چلے گا-
*(۵)* حلیۂ مبارک بیان کیا جائےگا تو قلب و نظر میں انوار پیداہوں گے-
*(۶)* مسلمانوں کے اندرایمانی جذبہ بیدار اور محبّت رسول میں اضافہ ہوگا-
 اس کے علاوہ اور بھی بہت سے دینی فوائد اس میں مضمر ہیں-
*عید میلادالنّبی کے دنیاوی فائدے:*   *(۱)* سال بھر تک کھانے میں برکت ہوگی [ان شاءاللّٰہ]  جیسا کی علامہ امام ابن حجر نے اپنی تصنیف "نعمةا الکبریٰ "  میں اس کا تذکرہ فرمایا ہے- 
*(۲)* عزت و وقار میں اضافہ ہوگا-
*(۳)* غریبوں کا پیٹ بھر جاتا ہے، غریب لوگ وہ کھانے جو اپنی غریبی کی وجہ سے نہیں کھا سکتے انہیں کھانا میسر ہو جاتا ہے-
*(۴)* گھروں، بازاروں و سڑکوں کی سالانہ طریقے سے صفائی اور زیب و زینت ہو جاتی ہے اور ثواب بھی مل جاتا ہے-
*عیدمیلادالنّبی کے اخروی فائدے:* *(۱)* گناہوں کی معافی-
*(۲)* درجات کی بلندی:
*(۳)* عذاب میں تخفیف: جیسا کہ صحیح بخاری شریف [کتاب النکاح،باب و امّھاتکم الّتی ارضعنٰکم، ج/۲ص/۷۶۴] میں روایت ہے کہ "حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کی خبر جب ابو لہب کی باندی نے اسے دی تو اس نے اپنے بھتیجے کی ولادت کی خوشخبری سن کر اپنی باندی کوآزاد کر دیا"…اگرچہ اس کی موت کفر پر ہوئی اور اس کی برائی میں پوری ایک سورت نازل ہوئی، لیکن میلاد مصطفیٰ پر اظہار مسرت کی برکت سے ہر سوموار کو اسے پانی کا گھونٹ پلایا جاتا ہے اور اس کے عذاب میں بھی تخفیف کر دی جاتی ہے،… اس سلسلے میں یہ روایت بھی بہت مشہور ہے، جس کے راوی حضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہیں، آپ فرماتے ہیں کہ میں نے ایک رات ابو لہب کو خواب میں دیکھا اور پوچھا کہ تیرا کیا حال ہے؟ اس نے کہا: مرنے کے بعد مجھے طرح طرح کے عذاب دیئے جاتے ہیں لیکن سوموار کے دن عذاب میں کمی ہو جاتی ہے اور وہ صرف اس لئے کہ جب حضور پر نور صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کی خوشخبری میری باندی ثویبہ نے مجھے سنائی تھی تو میں نے اس خوشخبری کے بدلے خوش ہو کر اس کو آزاد کر دیا تھا حافظ الشام شمس الدین محمد بن نصر نے اپنے عربی نعتیہ کلام میں کیا خوب کہا ہے جس کا ترجمہ یہ ہے "جب ایک کافر جس کی مذمت و برائی میں پوری سورت "تبّت یدا" نازل ہوئی،اورجو ہمیشہ جہنم میں رہے گا، اس کے بارے میں ہے کہ حضور کی ولادت پر خوشی کے اظہار کی برکت سے ہر سوموار کو اس کے عذاب میں کمی کی جاتی ہے تو تمہارا کیا خیال ہے اس بندے کے بارے میں جو زندگی بھر احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت پر خوشی مناتا رہا اور کلمۂ توحید پڑھتے ہوئے اس دنیا سے رخصت ہوا- خلاصہ یہ کی ہر مومن کو سرورکائنات صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش پر خوشی منانی چاہیے کیونکہ عیدمیلادالنّبی سب عیدوں کی عید ہے-جن کی وجہ سے عیداور دوسرے تیوہار بلکہ کائنات کی ساری ہی نعمتیں ہمیں میسّر آئییں  ان کی تشریف آوری کی خوشی ہمیں بہترین طریقے سے منانی چاہیے-
ہاں! اس بات کی خوب رعایت کی جائے کہ جلسہ وجلوسِ عید میلادالنبی میں غیرشرعی امور سے ہر حال میں احتراز کیا جائے-
 بارگاہ خداوندی میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب مسلمانوں کو پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وسلّم سے سچی محبّت کی توفیق عطا فرمائے-
                                         آمین!

No comments:

Post a Comment